خرم دستگیرنے فیڈمک میں 500/132 کے وی گرڈ سٹیشن کا سنگ بنیاد رکھ دیا

لاہور (نیوز رپورٹر)وفاقی وزیر برائے توانائی (پاور ڈویژن) انجینئر خرم دستگیر خان نے فیڈمک میں علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی کے لیے 500/132 کے وی گرڈ سٹیشن کا سنگ بنیاد رکھ دیا ہے۔نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی کی جانب سے فیصل آباد میں ساہیانوالہ انٹر چینج کے قریب شروع کیے جانیوالے اس منصوبے کا مقصد چین پاکستان اقتصادی راہداری کے تحت خصوصی اقتصادی زونز کے منصوبوں علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی اور ایم تھری انڈسٹریل سٹی کی بجلی کی ضروریات کو پورا کرنا ہے۔ یہ گرڈ سٹیشن دونوں سی پیک منصوبوں کی 600 میگاواٹ لوڈ کی طلب کو پورا کرنے کے لیے قابل اعتماد اور بلاتعطل بجلی فراہم کرے گا۔سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر انجینئر خرم دستگیر خان نے اس منصوبے کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور کہا کہ اس گرڈ سٹیشن کی تعمیر سے صنعتوں کو نمایاں طور پر تقویت ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ گرڈ سٹیشن 20 ارب روپے کی لاگت سے جنوری 2025 تک مکمل کیا جائے گا اور اسکے ساتھ گٹی غازی بروتھا سے ڈیڑھ کلومیٹر ٹرانسمیشن لائن بھی بچھائی جائے گی۔